سریندرنگر، 17 اپریل (ایجنسی) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج پاکستان کو دہشت گردی کا ایکسپورٹر قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس کی حکومتوں کے دوران دہشت گرد ہندوستان میں حملے کر کے وہاں چھپ جاتے تھے اور وہ جوہری حملے کی دھمکی دے کر انہیں بچا لیتا تھا مگر ان کی حکومت نے اس کی پرواہ کئے بغیر سرجیکل اسٹرائک اور فضائی حملے جیسی کارروائی کی۔
مسٹر مودی نے اپنی آبائی ریاست گجرات کے سریندرنگر میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا بھر میں ہندوستان کا ڈنکا بج رہا ہے۔ لوگوں نے 30 سال بعد پہلی بار ان کی مکمل اکثریت کی مضبوط حکومت بنائی جس کی وجہ سے وہ ملک کی مضبوطی سے خدمت کر سکے۔ مسئلہ کشمیر، دراندازوں اور نکسل کے خلاف ٹھوس قدم
اٹھائے۔
انہوں نے کہا کہ 'ایک اپنا پڑوسی ملک ٹیررزم ایکسپورٹ کرنے کا کام کرتا ہے۔ یہ اس کا ایک ہی کام ہے۔ پہلے پاکستان سے دہشت گرد آ کر ہندوستان میں حملے کر کے واپس بھاگ جاتے تھے اور پاکستان ہندوستان کو ڈراتا تھا کہ اگر کارروائی کی گئی تو اس کے پاس جوہری ہتھیار ہے جس کا وہ بٹن دبا دے گا۔ میں نے اس دھمکی کی پرواہ نہیں کرتے ہوئے کہا کہ جاؤ دبا دو۔ پہلے ہمارے لوگ دنیا بھر میں روتے تھے۔ اب پاکستان رونے جاتا ہے۔ اپنے جوانوں نے اڑي اور پلوامہ کے حملوں کے بعد دہشت گردوں کو اپنے گھر میں گھس کر مارا کہ نہیں؟'۔ انہوں نے کہا کہ امن کی بات کوئی کمزور نہیں بلکہ کوئی طاقتور کرتا ہے تب اسے سنا جاتا ہے۔