نئی دہلی، 21 مئی (یو این آئی) حکومت نے مہنگائی سے پریشان ملک کے لوگوں کو راحت دینے کرنے کے مقصد سے پٹرول اور ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی میں بالترتیب 9.5 روپے فی لیٹر اور 7 روپے فی لیٹر کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ پردھان منتری اجولا یوجنا کے استفادہ کنندگان کو ایل پی جی پر فی سلنڈر 200 روپے کی سبسڈی بھی دی جائے گی اور سیمنٹ، اسٹیل اور پلاسٹک کی مصنوعات کی قیمتوں کو کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر آج یہ اعلان کرتے ہوئے وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے اقتدار سنبھالتے ہی مودی حکومت غریبوں کی فلاح و بہبود کے لیے وقف ہو گئی ہے۔ غریب اور متوسط طبقے کے خاندانوں کی مدد کے لیے بہت سے اقدامات کیے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں مودی حکومت کے دور میں اوسط مہنگائی پہلے کی حکومتوں کے مقابلے میں کم رہی
ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے غریب اور عام لوگوں سے کیے گئے وعدے کے مطابق آج کئی اقدامات کیے جا رہے ہیں جس میں پیٹرول پر 8 روپے فی لیٹر اور ڈیزل پر 7 روپے فی لیٹر ایکسائز ڈیوٹی کم کی گئی ہے۔ اس کمی کے بعد پیٹرول 9.5 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 7 روپے فی لیٹر سستا ہو جائے گا۔ اس کٹوتی کی وجہ سے حکومت کو تقریباً ایک لاکھ روپے سالانہ کے ریونیو کا نقصان ہوگا۔ انہوں نے نومبر میں ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کے دوران ویٹ میں کمی نہ کرنے والی تمام ریاستی حکومتوں سے ویٹ کم کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ ریاستی حکومتوں کو بھی عام لوگوں کو راحت فراہم کرنی چاہئے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ اس سال پردھان منتری اجولا یوجنا کے استفادہ کنندگان کو ایک سال میں 12 سلنڈر کے لیے 200 روپے فی سلنڈر کی سبسڈی دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سے نو کروڑ مستفیدین کو فائدہ ہوگا اور اس سے 6100 کروڑ روپے کی آمدنی متاثر ہوگی۔