نئی دہلی، 15 اکتوبر (ایجنسی) کانگریس نے آج الزام لگایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو انتخابات کے وقت ہی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں پر غور کرنے کی فرصت ملتی ہے اور انتخابات ختم ہوتے ہی ان کی حکومت اس سے کمائی کرنے میں لگ جاتی ہے۔
کانگریس کے ترجمان آر پی این سنگھ نے پیر کے روز یہاں پارٹی کی معمول کی پریس بریفنگ میں کہا کہ گزشتہ چار سال سے مسلسل پٹرول ڈیزل کے دام بڑھاكر مودی حکومت نے 13 لاکھ کروڑ روپے کی کمائی ہے۔ جبکہ بین الاقوامی مارکیٹ میں اس کے دام بہت کم ہیں لیکن مودی حکومت اس کا فائدہ عوام کو نہیں دے رہی ہے بلکہ اس سے کمائی کر رہی ہے۔ یہ پیسہ کہاں خرچ کیا جا رہا ہے ؟ اس کا کہیں کوئی
حساب نہیں ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ مسٹر مودی صرف الیکشن جیتنے کے لیے ہی پٹرول ڈیزل کی بات کرتے ہیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے کرناٹک انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب وہاں پولنگ ہونے والی تھی تو 17 دن تک تیل کی قیمتیں نہیں بڑھائی گئی تھیں لیکن انتخابات ختم ہوتے ہی پٹرول ڈیزل کے دام بڑھا دیئے گئے تھے۔
ترجمان نے کہا کہ اب پھر سے پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ہو نے والی ہیں اور مودی حکومت کو اس پر بحث کرنے کی یاد آ گئی ہے۔ حکومت نے پٹرول- ڈیزل کی قیمتوں پر بات شروع کر دی ہے۔