سری نگر، 6جون (یو این آئی) نیشنل کانفرنس کے صدر اور رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے موجودہ حکومت کو افسر شاہی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ جب تک یہاں لوگوں کی حکومت قائم نہیں ہوگی تب تک ان کی مصیبتیں ختم نہیں ہوں گی۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہاں اسمبلی انتخابات منعقد ہونے چاہئے۔
موصوف رکن پارلیمان نے ان باتوں کا اظہار پیر کو یہاں جنوبی ضلع پلوامہ میں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے
کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا: ’یہاں الیکشن ہونے چاہئے یہ حکومت جو ہے یہ لوگوں کی حکومت نہیں ہے بلکہ یہ افسر شاہی ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ جب تک یہاں لوگوں کی حکومت قائم نہیں ہوگی تب تک ان کی مصیبتیں ختم نہیں ہوں گی۔
مسٹر عبداللہ نے کہا کہ مرکزی حکومت دفعہ370 کو ملی ٹنسی کا ذمہ دار قرار دیتی ہے لیکن جب سے اس دفعہ کو ہٹایا گیا تب سے ملی ٹنسی بڑھ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہاں حالات بہت ہی خطرناک ہیں۔