پٹنہ 02 اکتوبر ( یواین آئی ) کانگریس صدر سونیا گاندھی نے بہار اسمبلی انتخاب کیلئے پارٹی کی تشہیر ی مہم کا آغاز کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) کانام لئے بغیر اس پر جذبات ، بھرم اور خوف کی تجارت کر کے حکومت کرنے کا الزام لگایا اور کہاکہ مہا تما گاندھی کے سچ ، عدم تشدد اور ستیہ گرہ کے راستے پر چلتے ہوئے ہم سب کو متحد ہو کر اس کے خلاف لڑنا ہوگا۔
مسز گاندھی نے جمعہ کو بابائے قوم مہا تما گاندھی کی 151 ویں جینتی کے موقع پر مغربی چمپارن میں ان کے آدم قدمجسمے کی نقاب کشائی اور گاندھی چیتنا ریلی کو آن لائن کے توسط سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں کچھ لوگ جذبات ، بھرم اور خوف کی تجارت کر کے حکومت چلا رہے ہیں ان سب سے عوام ہوشیار رہے اور صحیح فیصلہ لے
۔
انہوں نے کہاکہ اس کے لئے گاندھی جی کے سچ ، عدم تشدد اور سوراج کے راستے پر چلتے ہوئے ہم سب کو متحد ہو کر لڑنا ہوگا۔ یہی مہاتما گاندھی کو سچا خراج تحسین ہوگا۔ کانگریس گاندھی جی کے سچ اور عدم تشدد کی راہ پر مسلسل چل کر جدوجہد کر رہی ہے اور سب کے تعاون سے اس میں کامیاب بھی ہوگی ۔
کانگریس صدر نے بودھ ، مہاویر ، گرو گوند سنگھ کی جائے پیدائش اور بابائے قوم مہا تما گاندھی کی کرم بھومی بہار کو سلام کرتے ہوئے کہاکہ آج مسٹر لال بہادر شاستری کی بھی یوم پیدائش ہے ۔ وہ انہیں بھی سلام پیش کرتی ہیں جنہوں نے ’ جے جوان جے کسان ‘ کا نعرہ دیا ۔ یہ نعرہ اس مشکل دور میں پہلے سے بھی زیادہ حوصلہ دیتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس کے لئے مہا تما گاندھی کے افکار وخیالات ہی پارٹی کی روح ہے ۔