نئی دہلی،3فروری(یواین آئی)جامعہ ملیہ اسلامیہ میں شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے)،قومی شہریت رجسٹر (این آرسی )کے خلاف مظاہرے کے دوران اتوار کی دیر رات نامعلوم لوگوں نے پھر سے گولی چلائی جس سے وہاں افرا تفری مچ گئی اور اس سے مشتعل طلبہ نے رات بھر مظاہرہ کیا اور جامعہ نگرتھانے کو گھیر کر نعرے بازی کی۔
جامعہ رابطہ کمیٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مظاہرے کے مقام پر چند قدم کی دوری پر گیٹ نمبر پانچ پر کل رات قریب 12بجے اسکوٹی پر سوار دو لوگ ہوا میں گولی چلا کر فرار ہوگئے۔ موقع پر موجود کئی لوگوں نے حملہ آور کو وہاں سے فرار ہوتے ہوئے دیکھا۔اس سے پہلے بھی 30جنوری کو دن دہاڑے
پولیس سکیورٹی کے درمیان ایک شخص نے گولی چلائی تھی جس میں ایک طالب علم زخمی ہوگیاتھا۔اسی طرح ہفتے کو شاہین باغ میں مظاہرے کےمقام پر تھوڑی دوری پر ایک شخص نے ہوا میں گولیاں چلائیں۔جامعہ کے طلبہ نے بتایا کہ گولی چلانے والے شخص لال رنگ کی اسکوٹی پر سوار ہوکر آئےتھے۔واقعہ کے بعد وہاں بڑی تعداد میں طلبہ پہنچ کر پولیس کے خلاف جم کر نعرے بازی کرنے لگے۔اس کے ساتھ ہی سیکڑوں طلبہ نے جامعہ نگر پولیس تھانے کے باہر مظاہرہ کرکے نعرے بازی کی۔پولیس کی جانب سے نامعلوم لوگوں کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ(آئی پی سی)307 اور مسلح ایکٹ کے سیکشن 27کے تحت ایف آئی آر درج کرنے کے بعد طلبہ تھانے کے پاس سے ہٹے۔