سہارنپور:10فروری(یواین آئی)وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو ایک بار پھر تین طلاق قانون کے حوالے سے اپوزیشن کو ہدف تنقید اور مسلم خواتین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مسلم خواتین کو اس ظلم سے نجات دلانے کی وجہ سے ووٹوں کے کچھ ٹھیکدار مسلم بیٹیوں کےآگے بڑھنے کے ان کی توقعات میں حائل ہونے کی کوشش کررہے ہیں لیکن ان کے منصوبوں کو ناکام کرنے کے لئے ان کی حکومت مسلم بہن بیٹیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
مودی نے اترپردیش میں اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے والی سیٹوں پر بی جے پی کے انتخابی مہم میں شرکت کرتے ہوئے جمعرات کو سہارنپور میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ووٹوں کےٹھیکیدار مسلم بہن۔ بیٹیوں کے حق
اور ان کے آگے بڑھنے کی توقعات کو روکنے کے لئے نئے نئے طریقے تلاش کررہے ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن پر مسلم خواتین کو گمراہ کرنے کا بھی الزام لگایا اور کہا’بی جے پی کے لئے ترقی میں بیٹیوں کی شراکت اولین ترجیح ہے۔مسلم بہن بیٹیاں ہماری اس صاف نیت سے اچھی طرح سے واقف ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ اترپردیش میں اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں آج مغربی اترپردیش کی 11اضلاع کی 58سیٹوں پر ووٹنگ ہورہی ہے۔ الیکشن کمیشن کے ذریعہ گذشتہ 08جنوری کو ریاست میں اسمبلی انتخابات کا اعلان کیا تھا۔ جس کے بعد ریاست میں مودی کی یہ پہلی انتخابی ریلی تھی۔ کووڈ پروٹوکول کی وجہ سے انہوں نے گذشتہ دنوں پہلے مرحلے کی ووٹنگ والی سیٹوں پر ورچولی خطاب کیا تھا۔