نئی دہلی:یکم؍نومبر:- بابری مسجد رام جنم بھومی تناز ع کا عدالت سے باہر حل تلاش کرنے کے متعلق حالیہ مبینہ کوششوں کے درمیان آج آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ شروع نے واضح کیاکہ وہ اپنے اس موقف پر قائم ہے کہ بابری مسجد کی جگہ عرش تا فرش قیامت تک کے لئے مسجد کے حکم میں ہے اور اس تنازع میں سپریم کورٹ کا فیصلہ اسے منظور ہوگا۔
بورڈ کی طرف سے آج یہاں جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈاپنے اس موقف پر قائم ہے کہ بابری مسجد کی جگہ عرش تا فرش قیامت تک کے لئے
مسجد کے حکم میں ہے اور آج بھی بورڈ اسی موقف پر قائم ہے، اور بورڈ کا یہ بھی متفقہ فیصلہ ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ مسلم پرسنل لا بورڈ کو منظور ہوگا۔
بیان کے مطابق مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا محمد ولی رحمانی صاحب نے کہا کہ اس وقت جو خبریں مسلم پرسنل لا بورڈ کی طرف منسوب کرکے کہی جارہی ہیں کہ درپردہ کوئی سازش چل رہی ہے اور ہندومذہب کے روحانی پیشوا شری شری روی شنکر سے ٹیلیفون یا بالمشافہ کوئی بات چیت ہوئی ہے یہ بالکل بے بنیاد اور من گھڑت خبر ہے ا سکا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔