نئی دہلی، 27 فروری (یو این آئی) زرعی پیداوار کی برآمد کو فروغ دے کر اور فوڈ پروسیسنگ کے ذریعے سے کسانوں کی آمدنی کو فروغ دینے کے لیے حکومت نے ایک ضلع ایک پیداوار منصوبے کو ہفتے کے روز منظوری دے دی۔
زراعت اور فوڈ پروسیسنگ صنعت کی وزارت نے ملک کے 728 اضلاع کے لیے ایک ضلع ایک پیداوار منصوبہ کو منظوری دی ہے۔ ان پیداواروں میں کاشت کاری، باغبانی، مویشی، پولٹری، دودھ، مچھلی، سمندری پیداوار وغیرہ شامل ہیں۔
اس منصوبے کو ریاستوں اور انڈین کونسل آف
ایگریکلچرل ریسرچ سے ضروری معلومات حاصل کرنے کے بعد منظوری دی گئی ہے۔ ان پیداوار کو حکومت کے کئی دیگر منصوبوں سے بھی مدد کی جائے گی۔
دھان کے لیے 40 اضلاع، گیہوں کے لیے پانچ، موٹے اناجوں کے لیے 25، دالوں کے لیے 16، نقد فصلوں کے لیے 22، تلہن کے لیے 41، سبزیوں کے لیے 107، مصالحوں کے لیے 105، شجرکاری کے لیے 28، پھلوں کے لیے 226، پھولوں کے لیے دو، شہد کے لیے نو، مویشی پروری ڈیری کے لیے 40، سمندری ماہی پروری کے لیے 29 اور پروسیسنگ پیداوار کے لیے 33 اضلاع کا انتخاب کیا گیا ہے۔