نئی دہلی ، 02 اکتوبر (یو این آئی) گاندھی جینتی کے موقع پر آج مرکز کے زیر انتظام علاقے لداخ کے لیہہ میں دنیا کا سب سے بڑا کھادی سے بنا ترنگا لہرایا گیا جس کا وزن 1000 کلوگرام ، 255 لمبائی اور 150 فٹ چوڑائی ہے ۔
دیوہیکل ترنگے کی رونمائی لیہہ کے لیفٹیننٹ گورنر آر کے متھور نے ایک خصوصی تقریب میں کی۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل منوج مکند نرونے بھی موجود تھے۔
مرکزی وزیر تجارت و صنعت اور ٹیکسٹائل پیوش گوئل نے اس ترنگے کی تصویر کے ساتھ ایک ٹویٹ میں کہا ، ’یہ شہریوں میں سودیشی کھادی کے استعمال کی حوصلہ افزائی کرے گا اور ملک
سے محبت کا جذبہ بڑھائے گا‘۔' یہ جھنڈا فوج کی 57 ویں انجینئرنگ ریجیمنٹ نے کھادی ولیج انڈسٹریز کمیشن سے تیار کروایا ہے۔ یہ تقریب ٹیلی ویژن پر دوردرشن پر دکھائی گئی۔
مرکزی وزیر صحت منسکھ مانڈاویانے بھی ٹویٹر پر اس کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’گاندھی جینتی (سالگرہ) کے موقع پر لداخ میں دنیا کا سب سے بڑا ترنگا کی رونمائی کی گئی جوہندوستان کے قومی پرچم کے لیے بڑے فخر کا لمحہ ہے۔ میں باپو کی یاد میں اس تقریب کے تئیں اظہار عقیدت کرتا ہوں۔ یہ ہندوستانی دستکاروں کے مفادات اور ملک کا وقار بڑھانے والی تقریب ہے۔ جے ہند جے بھارت‘۔