سرینگر/13جولائی(ایجنسی) نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے الزام لگایا کہ محبوبہ مفتی کی جماعت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کو کشمیریوں کے ووٹوں کو تقسیم کرنے کے لئے دلی میں بنائی گئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ جماعت ختم ہوجاتی ہے ، تو کشمیر میں کوئی اس کا ماتم نہیں کرے گا۔ عمر عبداللہ نے یہ باتیں محبوبہ مفتی کے بیان کہ "اگر نئی دہلی (مرکزی حکومت) پی ڈی پی کو توڑنے اور عوام کے ووٹوں پر شب خون مارنے کی مرتکب ہوئی تو کشمیر میں نئے صلاح الدین اور یاسین ملک جنم لے سکتے ہیں" پر اپنے ردعمل میں کہی ہیں۔
انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ سب یہ بات یاد رکھیں کہ پی ڈی پی کے ٹوٹنے سے کوئی نیا جنگجو جنم نہیں لے گا۔ پی ڈی پی کشمیریوں کے ووٹوں کو تقسیم کرنے کے لئے دلی میں بنائی گئی تھی۔ یہاں کے لوگ اس جماعت کے خاتمے کا کوئی ماتم بھی نہیں کریں گے۔ وہ (محبوبہ مفتی) شاہد یہ بھول چکی ہے کہ کشمیر میں اس کے دور حکومت میں ملی ٹینسی پہلے ہی ایک اور جنم لے چکی ہے"۔