نئی دہلی، 7 جون (یو این آئی) دہلی پولیس نے نوپور شرما اور ان کے خاندان کو سیکورٹی فراہم کی ہے، جو پیغمبر اسلام کے بارے میں ایک ٹی وی مباحثے کے دوران اپنے متنازع تبصرو ں کے سبب تنازع میں گھری ہوئی تھیں۔
نوپور شرما اور ان کے اہل خانہ کی جانب سے پولیس کو شکایت دی گئی کہ انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ اس کے بعد پولیس نے اپنی سیکورٹی بڑھا دی۔ ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ شرما کو سیکورٹی دی گئی ہے، لیکن انہوں نے تفصیلات بتانے سے انکار کردیا۔انہوں نے ایف آئی آر درج کراتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔
غور طلب ہے کہ نوپور کے پیغمبر
اسلام کے بارے میں متنازعہ ریمارکس کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے چند روز بعد ایک طرف ہندوستان کے کانپور جیسے شہر میں مسلم کمیونٹی کے لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور تشدد پھوٹ پڑا، وہیں بین الاقوامی سطح پر بھی ہندستان کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی ممالک میں یہ مہم ٹوئٹر پر چلی اور ہندوستانی مصنوعات کے بائیکاٹ ہونے لگا۔
سعودی عرب، قطر، عمان، اردن، متحدہ عرب امارات اور ایران سمیت کل 15 ممالک اب تک اس معاملے پر ہندوستان پر اعتراضات اٹھا چکے ہیں۔ جس کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی نے اتوار کونوپور شرما کو پارٹی کی رکنیت سے معطل کر دیا اور دہلی میڈیا یونٹ کے سربراہ نوین جندال کی رکنیت بھی معطل کر دی۔