لیہہ، 17 جولائی (یو این آئی) مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ دنیا کی کوئی بھی طاقت بھارت کی ایک انچ زمین کو چھو نہیں سکتی ہے اس پر قبضہ نہیں کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر دنیا کی کوئی طاقت بھارت کے قومی وقار کو زک پہنچانے کی کوشش کرے گی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
موصوف وزیر دفاع نے ان باتوں کا اظہار جمعے کے روز یہاں پینگانگ جھیل کے کنارے پر فوجی جوانوں سے خطاب کے دوران کیا۔
ان کا کہنا تھا: 'چین کے ساتھ سرحدی تنازعہ کو سلجھانے کے لئے فوجی اور سفارتی سطح پر بات چیت کا دور چل رہا ہے، معاملہ حل ہونا چاہئے، کہاں تک حل ہوگا میں اس کی کوئی گارنٹی نہیں دے سکتا ہوں لیکن اتنا یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہندوستان کی ایک انچ زمین کو بھی دنیا کی کوئی طاقت چھو نہیں سکتی ہے اور نہ قبضہ کر سکتی ہے'۔
تاہم انہوں نے کہا کہ بات چیت کے دوران اگر کوئی حل نکلتا ہے تو اس سے اچھی اور کوئی بات نہیں ہے۔
راجناتھ سنگھ نے کہا کہ ہمارے فوجی جوان قومی وقار پر کسی بھی چوٹ کو برداشت نہیں کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا: 'حال ہی میں جو کچھ بھی ہندوستان اور چینی فوجیوں کے بیچ ہوا
میں کہہ سکتا ہوں کہ آپ (فوجی جوانوں) نے سرحد کی ہی نہیں بلکہ ایک سو تیس کروڑ بھارت واسیوں کی حفاظت کی ہے۔ آپ (فوجی جوان) سب کچھ برداشت کرسکتے ہیں لیکن ملک کے قومی وقار پر کوئی چوٹ برداشت نہیں کرسکتے ہیں'۔
موصوف وزیر دفاع نے کہا کہ اگر دنیا کی کوئی طاقت ہمارے قومی وقار پر حملہ کرنے کی کوشش کرے گا تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا: 'بھارت امن چاہتا ہے اور ہماری روایت رہی ہے کہ ہم نے کبھی بھی کسی ملک کی ایک انچ زمین پر قبضہ نہیں کیا ہے لیکن اگر دنیا کی کوئی طاقت ہمارے قومی وقار کو چوٹ پہنچانے کی کوشش کرے گا تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا'۔
مسٹر سنگھ نے کہا کہ بھارت اب کمزور ملک نہیں ہے اور ہمیں نریندر مودی جیسا طاقت ور وزیر اعظم ملا ہے۔
انہوں نے گلوان وادی میں ہلاک ہونے والے بھارتی فوجی جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا: 'حال ہی میں چین اور بھارت کے فوجی جوانوں کے بیچ جو کچھ بھی ہوا اس میں ہمارے کچھ فوجی جوانوں نے قربانی پیش کر کے ملک کے سرحد کی حافظت کی، نہ صرف ہمیں ان کے کھونے کا غم ہے بلکہ ملک کے تمام لوگ اس پر غمگین ہیں، ہم ان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں'۔