: شروع الله کا نام لے کر جو بڑا مہربان نہایت رحم والا ہے
: سب طرح کی تعریف خدا ہی کو (سزاوار) ہے جو تمام مخلوقات کا پروردگار ہے
بڑا مہربان نہایت رحم والا
انصاف کے دن کا حاکم
حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: اللہ تعالیٰ اپنے بندے کی توبہ اس کے مرنے سے پہلے پہلے تک قبول فرماتا ہیں (چنانچہ بندے کو مایوس نہ ہونا چاہئے)۔ (حضرت عبداللہ بن عمرؓ۔ ترمذی شریف)
حیدرآباد: جناب اکبرالدین اویسی قائد مجلس مقننہ پارٹی و بانی صدر نشین سالار ملت ؒایجو کیشنل ٹرسٹ نے کہاکہ شہر حیدرآباد میں ایک متحرک قیادت اور خدمت گزاروں کی جماعت ہے جس کی وجہ سے یہاں ہماری لڑکیاں حجاب کے نا م پر تعلیم سے محروم نہیں ہیں۔ ہمارے محلو ں میں اذاں پر پابندی نہیں ہے اور بیف کے نام پر کسی کوبھی لوٹایا نوچا نہیں جارہا ہے۔ ہمیں اپنی جماعت کی اہمیت اور اتحاد کی قدر کرنا ضروری ہے۔مجلس ہی ایسی جماعت ہے جس کی مختلف شعبوں میں خدمات ہیں۔ اس کی نظیر دوسری جماعت پیش نہیں کرسکتی۔ موجودہ حالات میں ہمیں پہلے سے زیادہ متحد ہوتے ہوئے اپنے آپکو ایک مرکزسیاسی سے وابستہ رکھنے کی ضرورت ہے۔ جناب اکبرالدین اویسی ہفتے کے روز ان کی جانب سے قائم کئے گئے اویسی اسکول آف ایکسلینس حافظ بابا نگرمیں ووکیشنل کورسس کی تکمیل کرنے والی لڑکیوں میں سرٹیفیکٹس،سلائی مشینیں اور بیوٹیشن کے کٹس کی تقسیم سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ سالار ملتؒ ایجوکیشنل ٹرسٹ اپنے قیام کے 20سال مکمل کررہا ہے۔ 1999ء کے الیکشن کی کامیابی کے بعد اس ٹرسٹ کے قیام کا مقصد علم کے ذریعہ ناکام زندگیوں میں کامیابی لانا، جہالت کا خاتمہ، زندگی کاندھیروں کو اجالے میں تبدیل کرناتھا۔علم کے ذریعہ ہی پسماندگی، پچھڑے پن کو ختم کرتے ہوئے مستقبل کو سنوارا جاسکتا ہے اور دنیا کی مسابقت کی دوڑ میں اپنے آپ کو قائم و دائم رکھا جاسکتا ہے۔ ایک طویل جدوجہد کے بعد آج ٹرسٹ کی14عمارتیں ہیں،اسکولس ہیں جس میں 25ہزار طلبہ کی مفت تعلیم اور ان کو ہنر مند بنانے کا انتظام کیاگیا ہے۔ اسکولس میں 15ہزار بچے ہیں 4466بچے مختلف کورسس میں مفت کوچنگ حاصل کررہے ہیں۔ جبکہ سالانہ 12ہزار لڑکیوں کو 11کورسس کی مفت ٹریننگ دی جارہی ہے۔ ان میں اب کوکنگ کا کورس بھی شامل کیاگیا ہے۔ آئی سیٹ، ایمسیٹ، نیٹ،انٹر میڈیٹ، ایس ایس کوچنگ کے علاوہ انجینئر نگ اور ایم بی اے کے طلبہ کو مفت ٹیوشن بھی دی جارہی ہے ہیں۔ لاکھوں روپئے اساتذہ کی تنخواہ پر خرچ کئے جارہے ہیں۔ سالانہ 9کروڑ روپئے کے صرفہ سے فلاحی کام انجام دیئے جارہے ہیں جن میں اساتذہ کی تنخواہیں، عمارتوں کی دیکھ ریکھ، برقی اور آبرسانی کے بلز کے اخراجات شامل ہیں۔جناب اکبر الدین اویسی نے بتایا کہ حافظ بابا نگرمیں پہلے ایک اسکول تعمیر کیاگیا۔ پرانے شہر میں 900طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ انٹر میڈیٹ اور دسویں کے 550طلبہ مفت ٹیوشن حاصل کررہے ہیں۔ اسی طرح ووکیشنل کے طلبہ کی تعداد بھی 500سے زائد ہے۔ تقریبا 2000طلبہ پرانے اسکول کی بلڈنگ میں ہے تو وہیں عمرکالونی کی نئی
اسکول کی بلڈنگ میں بھی کم وبیش 2000طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ قائد مجلس نے بتایا کہ اب دو جونیر کالجس چلائے جارہے ہیں۔ آئندہ سال سے مزید 3نئے جونیر کالجس، 2ڈگری کالجس کا آغاز کیا جائے گا۔اویسی ہاسپٹل میں بھی بی ایس سی نیوٹریشن، بی ایس سی ریسپریٹری تھراپی، بی ایس سی لیاب ٹکنیشین جیسے کئی کورسس متعارف کئے جارہے ہیں۔ وہ طلبہ جو نیٹ میں کامیاب رہیں گے وہ ان میں داخلہ لے سکیں گے۔ انتہائی کم فیس پر انہیں چار سال کے اس کورس کی تعلیم دی جائے گی۔ تعلیم کے فوری بعدملازمت کے مواقع انہیں ملیں گے۔ جناب اکبرالدین اویسی نے بتایا کہ ناقدین ان کی شخصیت کو پسند نہیں کرتے تو نہ کریں لیکن ان کے اور جماعت کے کام کو انہیں قبول کرنے پر مجبور ہونا پڑے گا۔ انہوں نے سوال کیا کہ مفت تعلیم کا ہزار وں بچوں کو انتظام کرانا کیا درست نہیں ہے۔ووکیشنل کورسس،نیٹ،ایمسیٹ،انٹر میڈیٹ میں مفت کوچنگ کا انتظام کرانا کیا بہتر نہیں ہے۔جناب اکبرالدین اویسی نے بتایا کہ انسان ایک گھر بنانے کے لئے پوری زندگی لگاتا ہے اور گھر بننے کے بعد خوشی اور مسرت کا اظہار کرتا ہے لیکن ہم نے ایسی عمارتیں تعمیرکی ہیں جس سے کئی گھر بنیں گے اورکئی گھروں میں خوشحالی کی ضامن عمارتیں رہیں گے۔ جناب اکبرالدین اویسی نے کہا کہ اویسی اسکول آف ایکسیلنس کی شاخوں میں 700سے زائد اساتذہ ہیں جو خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس طرح 700خاندانوں کو ہم روزگار بھی فراہم کررہے ہیں۔ جناب اکبر الدین اویسی نے بتایا کہ انہیں زندگی سے اور کیا چاہئے اللہ نے ان سے اتنا بڑا کام لے لیا۔ 6مرتبہ وہ اسمبلی کے لئے منتخب بھی ہوگئے۔ ان کے بچے اعلیٰ تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ قوم کے بچوں کا مستقبل سدھرے۔ان کے اس مشن کو مضبوط بنانے کے لئے مسلمانوں کو پہلے سے متحد ہونا ضروری ہے۔ اگر وہ متحد نہیں ہوں گے تو مجلس اور اس کی قیادت کی جانب سے جو کام کیا جارہا ہے اس فلاح وبہبود کے کام پر بھی اثر پڑے گا۔ اس موقع پر ڈاکٹر نور الدین اویسی ٹرسٹی سالار ملت ؒ ایجوکیشنل ٹرسٹ، جناب عزیز احمد جوائنٹ ایڈیٹر روزنامہ اعتماد،مولانا انوار احمد نائب شیخ التفسیر جامعہ نظامیہ، محمد نصیر غیاث ڈائرکٹر اویسی اسکول آف ایکسیلنس ، ڈاکٹر امت الیافع ڈائرکٹر اویسی اسکول آف ایکسیلنس، ڈاکٹر ادتیہ ڈائرکٹر اویسی اسکول آف ایکسیلنس، مالی محمد شفیع، مرزا مصطفے بیگ سلیم کارپوریٹر ریاست نگر، عبدالوہاب کارپوریٹر چندرائن گٹہ، عبدالرحمن شاہ نمائندہ کارپوریٹر کنچن باغ، فہد بن عبدات کارپوریٹر اپوگوڑہ،عمیمہ یعقوب پرنسپل اویسی اسکول آف ایکسیلنس حافظ بابا نگر اور دیگرموجود تھے۔