جے پور، 30 جون (یو این آئی) راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے ریاست کے لوگوں سے امن اور ہم آہنگی برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے لوگوں کو یقین دلایا ہے کہ مجرم چاہے وہ کتنا ہی بڑا کیوں نہ ہو اور کسی بھی مذہب یا فرقے سے تعلق رکھتا ہو اسے کسی بھی حالت میں بخشا نہیں جائے گا مسٹر گہلوت نے آج صبح سوشل میڈیا پر ریاست کے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم ریاست میں امن، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ راجستھان فرقہ وارانہ ہم آہنگی
کے لیے جانا جاتا ہے، بھائی چارے اور اپنائیت کی مثال پورے ملک میں دی جاتی ہے۔ 28 جون کو ادے پور میں ایک نوجوان کا بے دردی سے قتل کر دیا گیا جو کہ انتہائی افسوسناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے پوری تندہی سے کام کر رہی ہے۔ مقامی پولیس نے اس معاملے میں غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ 1967 (یو اے پی اے) کی دفعہ 16، 18 اور 20 اور تعزیرات ہند کی دفعہ 153اے، 153بی، 295اے، 452 اور 34 کے ساتھ دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی واقعہ کی تفصیلی جانچ کے لیے ایس آئی ٹی تشکیل دی گئی۔