نئی دہلی/3اگست(ایجنسی) وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ آسام میں قومی شہری رجسٹر (این آر سي) میں نام درج کرانے میں کسی کے ساتھ امتیازی سلوک اختیار نہیں کیا جائے گا اور سب کو شہریت ثابت کرنے کے کافی مواقع ملیں گے۔ راج ناتھ سنگھ نے 31 جولائی کو راجیہ سبھا میں وقفہ سوالات ملتوی کرکے این آر سی کے معاملے پر ہونے والی مختصر بحث کا آج وقفہ صفر کے دوران جواب دیتے ہوئے کہا کہ شہریت کا معاملہ قومی سلامتی سے منسلک ہے اور یہ سپریم کورٹ کی نگرانی میں شفاف طریقے سے کیا جا رہا ہے ۔لوگوں کی شہریت کے دعووں پر مکمل توجہ دی جائے گی اور
مناسب طریقے سے اسے نمٹا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ 30 جولائی کو این آر سی کے حتمی مسودے کی اشاعت ہوئی ہے جو صرف مسودہ ہے، یہ حتمی فہرست نہیں ہے۔ اس کی اشاعت کے بعد کچھ مفاد پرست عناصر سوشل میڈیا کے ذریعے فرقہ وارانہ ہم آہنگی متاثر کرنے اور اسے بین الاقوامی مسئلہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ این آر سی میں 40 لاکھ افراد کے نام شامل نہیں ہیں، یہ 40 لاکھ خاندان نہیں ہیں۔