نئی دہلی،03ستمبر(یو این آئی) اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر پرکاش جاؤڈیکر نے کہا کہ سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے ملک کی معیشت کےتعلق سے جو اندیشے ظاہر کیے ہیں وہ اس سے متفق نہیں ہیں اور ان کی حکومت ملک کو تیزی سے معاشی ترقی کی طرف لے جانے کے مقصد سے کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کابینہ کی میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس میں معیشت کے سلسلے میں ڈاکٹر سنگھ کے اندیشوں اور تحفظات کے تناظر میں پوچھے
گئے سوال پر کہا کہ سابق وزیر اعظم نے مندی کے سلسلے میں نقطہ نظر سامنے رکھا ہے اور جس طرح کا اندیشہ ظاہر کیا ہے وہ اس سے اتفاق نہیں رکھتے۔
انہوں نے کہا،’ڈاکٹر منموہن سنگھ نے جو کچھ کہا ہے، ہم اس سے متفق نہیں ہیں۔ ہم معیشت کا تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں۔ ہم اس سمت میں ایک ذمہ دار حکومت کے طور پر آگے بڑھ رہے ہیں اور عوام کے لیے کام کرنے والی حکومت کو جس طرح سے چلنا چاہیے ہم اسی حساب سے کام کر رہے ہیں‘۔