پٹنہ، 7 اگست (یو این آئی) بہار اسمبلی میں حزب اختلاف کے لیڈر تیجسوی یادو نے مظفر پور میں لڑکیوں کے شیلٹر ہوم میں بچیوں کی عصمت دری کے معاملے میں ریاستی حکومت پر ایک بار پھر حملہ کرتے ہوئے وزیراعلی نتیش کمار پر بڑے افسران کو بچانے کا الزام لگایا ہے۔
مسٹر یادو نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ وزیراعلی انتظامیہ میں خامی کی بات کرتے ہیں۔ انہیں یہ بتانا چاہیے کہ آخر انتظام دیکھنے کا کام کس کا ہے اور وہ وزیراعلی کی کرسی پر کس لئے بیٹھے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نتیش جی، آپ سارا قصور
دوسرے کے سر ڈالتے ہیں۔ چھوٹے ملازموں کو پھنساتے ہیں، بڑے افسران کو بچاتے ہیں کیونکہ انہیں نہیں بچایا گیا تو وہ آپ کی ساری پول کھل دیں گے۔
واضح رہے کہ مظفر پور کے واقعہ سے سبق لیتے ہوئے حکومت نے بچوں سے وابستہ سبھی اصلاحی یا فلاحی شیلٹر کا انتظام خود کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ اب ریاست میں بچوں سے متعلق سبھی اصلاحی یا فلاحی شیلٹر کا انتظام کسی بھی غیر سرکاری تنظیم (این جی او) کے ذریعہ نہیں چلایا جائے گا۔ ریاستی سرکار ایسے شیلٹروں کا انتظام اپنے ہاتھ میں لے گی۔
یو این آئی۔ این یو۔