نئی دہلی ، یکم جولائی (یو این آئی) مفرور ہیرا کاروباری نیرو مودی کی بہن پوروی مودی نے حکومت کو 17.25 کروڑ کی رقم واپس کردی ہے جمعرات کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے کہا کہ وعدہ گواہ بننے والی پوروی مودی نے لندن میں اپنے ایک بینک اکاؤنٹ سے 23،16،889.03 ڈالر (17.25 کروڑ روپے) کی حکومت ہند کے بینک اکاؤنٹ میں منتقل کردی ہے اس طرح نیرو مودی کیس میں 17.25 کروڑ روپے کی وصولی ہوئی ہے۔ نیرو پر پنجاب نیشنل بینک سے 2 ارب ڈالر کی جعلسازی کا الزام
ہے۔
پوروی مودی (عرف پوروی مہتا) اور ان کے شوہر میانک مہتا کو نیرو مودی کیس میں خصوصی پی ایم ایل اے عدالت کے روبرو 24 مئی 2018 اور 28 فروری 2019 کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے ذریعہ دائر دو شکایات میں بھی ملزم نامزد کیا گیا تھا۔ وعدہ معافی گواہ بننے کے لئے دونوں نے خصوصی عدالت کے سامنے درخواست دی تھی ، جسے 04 جنوری 2021 کو جاری کردہ حکم نامے میں عدالت نے قبول کرلیا۔ انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ وہ تمام تفصیلات تفتیشی ایجنسی کے ساتھ شیئر کریں گے۔