لکھنئو، 24 دسمبر (یو این آئی) ملک میں کورونا کے نئے ویرینٹ اومیکرون کے نئے معاملات میں تیزی کے سبب اترپردیش میں کورونا کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظروزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے احتیاطی اقدام کے طور پر 25 دسمبر سے رات کا کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے یوگی نے جمعہ کو اعلیٰ سطحی ٹیم -09 میٹنگ میں کووڈ-19 کے معاملات کا جائزہ لینے کے بعد ہدایت دی کہ 25 دسمبر سے پوری ریاست میں رات 11 بجے سے صبح 5 بجے تک رات کا کرفیو نافذ رہے گا۔ اس کے ساتھ ہی شادیوں کے علاوہ دیگرعوامی تقریبات میں
کووڈ پروٹوکول کے ساتھ زیادہ سے زیادہ 200 لوگوں کی شرکت کی اجازت دی گئی ہے۔ منتظم کو اس بارے میں مقامی انتظامیہ کو مطلع کرنا ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بازاروں میں ’’ماسک نہیں توسامان نہیں‘ کے پیغام کے ساتھ تاجروں کو آگاہ کیا جائے اور کوئی دکاندار بغیر ماسک کے گاہک کو سامان نہ دے۔ سڑکوں اور بازاروں میں ہر ایک کے لیے ماسک لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔ اس دوران پولیس کی گشت میں اضافہ کیا جائے گا اور عوام کو کورونا کے ممکنہ خطرے سے آگاہ کرنے کے لیے پبلک ایڈریس سسٹم کو مزید موثر بنایا جائے گا۔