نئی دہلی : پاکستان نے جاسوسی کے الزام میں جیل میں بند کلبھوشن جادھو کا ایک اور ویڈیو جاری کیا ہے ۔ اس ویڈیو میں جادھو پاکستان کا شکریہ ادا کرتے نظر آرہا ہے ۔ ویڈیو میں جادھو کو یہ بھی کہتے ہوئے دکھایا گیا ہے کہ 25 دسمبر کی ملاقات کے بعد ایک ہندوستانی افسر نے ان کی ماں اور بیوی کو دھمکایا تھا۔
اس درمیان ہندوستانی میڈیا میں یہ بات بھی موضوع بحث ہے کہ پاکستان نے اس ویڈیو کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی ہے اور کلبھوشن سے زبردستی یہ بیان دلوایا گیا ہے ۔ ساتھ ہی ساتھ یہ بھی دکھانے کی کوشش کی ہے کہ اس نے ہندوستانی قیدی کے ساتھ اچھا سلوک کیا ہے۔
خیال رہے کہ حکومت ہند نے پہلے ہی یہ خدشہ ظاہر کیا تھا کہ پاکستان جادھو کی ماں اور اہلیہ کے ساتھ ملاقات کی ویڈیو کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرسکتا ہے۔
کلبھوشن کا
بیان
جادھو تازہ ویڈیو میں کہتے نظر آرہے ہیں :پاکستان حکومت میرا خیال رکھ رہی ہے ۔ میری ماں نے مجھے دیکھا ... وہ مجھے صحتمند اور ٹھیک دیکھ کر کافی خوش تھیں ، میں پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ جادھو نے آگے کہا : مجھے ہندوستانی لوگوں ، حکومت ہند اور ہندوستان کی بحریہ سے کافی ضروری بات کہنی ہے ، میں ہندوستانی فوج میں کمیشنڈ آفیسر ہوں اور میراکمیشن ابھی ختم نہیں ہوا ہے ، میں نے اپنی ماں اور بیوی کی آنکھ میں ڈر دیکھا ، وہ کیوں ڈر رہی ہیں ؟ جو ہونا تھا ، ہوگیا ، ان کے ہاو بھاو مثبت تھے اور وہ خوش تھے ، مجھے بھی خوشی ہوئی اور اس کے بعد باہر ایک شخص ان پر چیختا دکھا ، انہیں ڈرنا نہیں چاہئے ، انہیں دھمکایا گیا ۔ ان کے ساتھ آئے ہندوستانی ڈپلومیٹ میٹنگ روم سے باہر آنے کے بعد میری ماں پر چیختے نظر آئے ، وہ ان پر چیخ رہے تھے ، مجھ سے ملنے کیلئے کیا انہیں دھمکایا گیا تھا۔