نئی دہلی۔ فائدہ کا عہدہ معاملہ میں نا اہل قرار دیئے گئے عام آدمی پارٹی (آپ) کے 20 ممبران اسمبلی نے صدر کی جانب سے ان کی رکنیت منسوخ کئے جانے کے خلاف دہلی ہائی کورٹ میں آج نئی عرضی دائر کی۔ دہلی ہائی کورٹ درخواست پر کل سماعت کرے گی۔ اس سے پہلے ممبران اسمبلی نے دہلی ہائی کورٹ میں دائر ایک درخواست کل واپس لے لی تھی۔ ممبران اسمبلی کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے انہیں اپنی بات رکھنے کا پورا موقع نہیں دیا۔
قابل غور ہے کہ دہلی میں ’آپ ‘کی حکومت بننے کے کچھ عرصہ بعد 21 ممبران اسمبلی کو پارلیمانی
سیکرٹری مقرر کیا گیا تھا۔ حکومت کے اس فیصلے کو پرشانت پٹیل نام کے وکیل نے چیلنج کیا تھا۔ معاملہ سامنے آنے کے بعد حکومت نے اسمبلی میں ایک قرارداد منظور کر کے پارلیمانی سیکرٹریوں کی تقرری کو ان کی تقرری کی تاریخ سے منظوری دینے کے لئے پاس کیا تھا۔ اس کو صدر کے پاس منظوری کے لئے بھیجا گیا تھا۔
صدر نے منظوری دینے کی بجائے اسے الیکشن کمیشن کو بھیج دیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے جمعہ کو صدر کے پاس ممبران اسمبلی کی رکنیت منسوخ کرنے کی سفارش کی تھی اور اتوار کو صدر نے کمیشن کی سفارش کو منظوری دے دی تھی۔