نئی دہلی 22دسمبر(ایجنسی)اشیاء اور خدمات ٹیکس ' جی ایس ٹی ' کونسل کی ایک اہم میٹنگ مرکزی وزیر فائنانس ارون جیٹلی کی قیادت میں دہلی میں منعقد ہوئی جس میں 33اشیاء پر ٹیکس کو کم کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔کونسل نے 7اشیاء پر جی ایس ٹی کی شرح 28فیصد سے 18فیصد تک گھٹا دی ہے جبکہ دیگر 26اشیاء پر جی ایس ٹی کی شرح 18فیصد سے گھٹا کر 12فیصد کردی ہے ۔
جی ایس ٹی کے نئے فیصلے کے مطابق سینما اور لکژری اشیاء پر جی ایس ٹی 28فیصد کے دائرہ میں ہوگا ۔ اس کے علاوہ 100روپئے سے زائد کے سینما ٹکٹ پر 18فیصد جی ایس ٹی عائد ہوگا ۔ کمپیوٹر مانٹیرس ' ٹی وی اسکرینس ' پاؤر بینکس ' لیتھیم بیٹریز پر جی ایس ٹی شرح 28فیصد سے گھٹا کر 18فیصد کردی گئی ہے ساتھ ہی ٹی وی اور کمپیوٹرس پر جی ایس ٹی کونسل کے اس نئے فیصلے کے بعد جی ایس ٹی کی شرح گھٹا دی جائے گی ۔اسی طرح
معذور افراد کے استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں بھی پانچ فیصد جی ایس ٹی کی کمی کی گئی ہے ۔ ساتھ ہی تھرڈ پارٹی وہیکل انشورنس پر جی ایس ٹی کی شرح 18فیصد سے کم کرکے 12فیصد کردی گئی ہے ۔
پردھان منتری یوجنا کے تحت اکاؤنٹ ہولڈرس کو پہنچائے جانے والی مختلف خدمات پر جی ایس ٹی اب لاگو نہیں ہوگا ۔ ارون جیٹلی نے کہا کہ فصلوں پر قرض کی چھوٹ کو مکمل طورپر نافذ کرنے میں ریاست تلنگانہ کو پہلا مقام حاصل ہے ۔انھوں نے کہا کہ سات سے آٹھ ریاستوں میں فصلوں پر قرض کی مکمل چھوٹ کو نافذ کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن یہ ریاستیں اس معاملے میں ناکام ہوئی ہیں ۔ انھوں نے پنجاب اور کرناٹک پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ ان ریاستوں نے اپنے کئے گئے وعدوں کو پورا نہیں کیا جبکہ تلنگانہ نے اپنے وعدہ کو بخوبی نبھایا ہے ۔ انھوں نے کہاکہ ریاست تلنگانہ نئی ریاست ہونے کے باوجود بھی ترقی کے محاذ پر اس وقت سب سے آگے ہیں۔