نئی دہلی، 26 اگست (یو این آئی) وزیراعظم نریندرمودی نے کہا ہے کہ نئے ڈرون ضابطوں سے ملک میں ڈرون کے شعبے میں نئے زمانے کا آغاز ہوگا اور اس سے اسٹارٹ اپ کو خصوصی طور پر فائدہ ہوگا۔
مسٹر مودی نے جمعرات کو سلسلہ وار ٹویٹ میں کہا کہ ڈرون کے بارے میں نئے ضابطے، قانون ،یقین اور از خود توثیق پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے ضابطوں میں منظوری لینے، مختلف شرائط کو پورا کرنے اور دیگر رکاوٹوں کو کافی حد
تک کم کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ نئے ڈرون ضابطے اسٹارٹ اپ اور اس شعبے میں کام کرنے والے ہمارے نوجوانوں کے لیے بہت زیادہ مددگار ثابت ہوں گے۔ اس سے ایجاد اور تجارت کے لیے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔ ساتھ ہی اس سے ایجاد، ٹیکنالوجی اور انجینیئرنگ کے شعبے میں ہندوستان کی مضبوطی سے ملک کو ڈرون ہب بنانے میں مدد ملے گی۔
قابل ذکر ہے کہ شہری ہوابازی کی وزارت نے آج ہی نئے ڈرون ضابطوں کا اعلان کیا ہے۔