نئی دہلی 18 نومبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے دنیا میں ہو رہے ڈیجیٹل انقلاب میں جمہوری اقدار کی ناگزیریت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان میں ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعہ گورننس، شمولیت، بااختیار بنانے، رابطے اور فوائد کی منتقلی اور فلاحی اقدامات میں زبردست تبدیلیاں آرہی ہیں۔
مسٹر مودی نے پہلے سڈنی ڈائیلاگ میں کلیدی بیان میں سائبر ورلڈ کے موضوع پر بات کرتے ہوئے آگاہ کیا کہ مستقبل میں تکنیک کے تعلق سے دنیا کے تمام جمہوری ممالک کو انسانی اقدار کا خیال رکھنا ہوگا اور ٹیکنالوجی کے غلط استعمال
کے امکانات سے نوجوان نسل کو بچانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ انہیں سڈنی ڈائیلاگ میں مدعو کرنا نہ صرف ہندوستان کے لئے ایک اعزاز ہے بلکہ یہ ہند بحرالکاہل خطے اور ابھرتی ہوئی ڈیجیٹل دنیا میں ہندوستان کے مرکزی کردار کا اعتراف بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل دنیا میں ہمارے ارد گرد ہرچیز بدل رہی ہے۔ اس نے سیاست، معیشت اور معاشرے کی نئی تعریف کی ہے اور خودمختاری، حکمرانی، اخلاقیات، قانون، حقوق اور سلامتی کے بارے میں نئے سوالات اٹھائے ہیں۔ اس سے بین الاقوامی مسابقت، طاقت اور قیادت کو بھی نئے سرے سے ایک نئی شکل دی ہے۔