نئی دہلی، 17 جنوری ( یواین آئی) نربھیا عصمت دری اور قتل معاملے کے چار قصورواروں کے لئے پیر کو پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے نیا اور تیسرا ڈیتھ وارنٹ جاری کیا ۔ چاروں کو تین مارچ کو صبح چھ بجے تہاڑ جیل میں پھانسی دی جائے گی۔ نربھیا معاملے میں ایڈیشنل سیشن جج دھرمیندر رانا کی عدالت میں آج تہاڑ جیل سپرنٹنڈنٹ اور نربھیا کے والدین کی عرضی پر تقریبا ایک گھنٹے تک جاری رہی سماعت کے بعد نیا ڈیتھ وارنٹ جاری کرنے کا حکم جاری ہوا ۔ یہ تیسرا ڈیتھ وارنٹ ہے اور اس سےقبل 22 جنوری کو اور پھر یکم فروری کو پھانسی کے لئے ڈیتھ وارنٹ جاری ہو چکے ہیں ۔ سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ تین قصورواروں مکیش، اکشے اور ونے کی رحم کی عرضی مسترد ہو چکی ہے ۔ چوتھے قصوروار پون کی طرف سے رحم کی
عرضی اور كيوریٹو عرضی داخل ہونا باقی ہے
عدالت نے آج قصوروار مکیش کی وکیل ورندا گروور کو بھی آزاد کر دیا ۔ مکیش نے ورندا گروور کو ہٹا کر دوسرے وکیل کی خدمات حاصل کرنے کی عدالت سے اپیل کی تھی جسے مان لیا گیا ۔ عدالت نے اب روی قاضی کو مکیش کا وکیل مقرر کیا ہے ۔ محترمہ گروور کو گزشتہ سال دسمبر میں مکیش کا وکیل مقرر کیا گیا تھا ۔ مسٹر قاضی نے اس معاملے میں قصوروار پون کی پیروی بھی کی ہے ۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ پون کی رحم کی عرضی اور كيوریٹو عرضی دائر کرنا چاہتا ہے ۔ مسٹر قاضی نے عدالت کو بتایا کہ دہلی ہائی کورٹ نے پانچ فروری کو قصورواروں کو تمام قانونی متبال سات دن کے اندر اندر پورے کر لینے کو کہا اور پون پورا نہیں کر پایا ہے کیونکہ اس وقت پون کے وکیل اے پی سنگھ نہیں آئے تھے ۔