نئی دہلی ،13جون (ایجنسی)اسرائیل کے وزیراعظم بنیامن نیتن یاہونے اقوام متحدہ کی اقتصادی اور سماجی کونسل میں ایک قرارداد کی حمایت میں ووٹ دینے کے لیے ہندستان اور وزیراعظم نریندرمودی کا شکریہ اداکیاہے ۔
مسٹر نیتن یاہونے ٹویٹ کیا،’’اقوام متحدہ میں اسرائیل کاساتھ دینے اور حمایت میں کھڑے ہونے کے لیے نریندرمودی اور ہندستان کا شکریہ ۔‘‘
اسرائیل نے فلسطین کی ایک غیر سرکاری تنظیم ’شہید ‘کو مشاہد کا درجہ دیے جانے کے خلاف اقوام متحدہ میں قراداد پیش کی تھی ۔ہندستان نے اس قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔اس پر 6جون کو ووٹنگ ہوئی تھی ۔ہندستان اور اسرائیل کے درمیان
دوطرفہ رشتوں میں خاص طور سے مسٹر مودی کے دورحکومت میں بہتری آئی ہے ۔
اسرائیلی وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق لندن میں واقع ’شہید ‘تنظیم حقوق انسانی اور انسانی مسائل پر کام کرنے دعوی کرتی ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ وہ ایک دہشت گرد تنظیم ہے اور اسرائیل نے اسے دہشت گرد تنظیم قرار دیاہے ۔
دراصل ،یہ تنظیم لبنان کے حماس گروپ کے لئے کام کرتی ہے ۔وزارت نے کہا،’’اسرائیل دہشت گردتنظیموں کے خلاف کام کرتارہے گا ۔‘‘اس قرارداد کی حمایت میں امریکہ ،جرمنی ،فرانس ،برطانیہ اور جاپان سمیت 28ملکوں نے ووٹ دیے تھے جبکہ چین ،ایران ،پاکستان اور سعودی عرب سمیت 14ملکوں نے اسکے خلاف ووٹ دیے ۔