نوادہ بھاگلپور 23 اکتوبر ( یواین آئی ) کانگریس کے سابق قومی صدر راہل گاندھی نے بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) زیر قیادت قومی جمہوری اتحاد ( این ڈی اے ) حکومت پر ملک کی معیشت کو برباد کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہاکہ اس بحران کے دور میں بہار میں 19 لاکھ نوکری دینے کا جھوٹا وعدہ کر کے بی جے پی نوجوانوں کو گمراہ کر رہی ہے ۔
مسٹر گاندھی نے نوادہ اور بھاگلپور ضلع میں مہا گٹھ بندھن امیدواروں کے حق میں جمعہ کو منعقدہ انتخابی اجلاس کو خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مرکزکی نریندر مودی حکومت اور بہار کی نتیش حکومت نے بڑے پیمانے پر ملک اور ریاست کی معیشت کو بربادکرنے کاکام کیا ہے ۔ ایسے میں نوجوانوں کو روزگارمہیا کر پانا یقینی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم مسٹر مودی سے پوچھا جانا چاہئے کہ سال 2014 کے لوک سبھا
انتخاب کے وقت ہر سال دو کروڑ نوجوانوں کو نوکری دینے کے ان کے وعدے کا کیا ہوا۔
کانگریس لیڈر نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلیٰ نتیش کمار نے بہار کے نوجوان لڑکے لڑکیوں کیلئے کچھ بھی نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر این ڈی اے بہار میں پھر سے حکومت بننے کے بعد انیس لاکھ نوکریاں دینے کا وعدہ کر رہی ہے تو اس سے پوچھا جانا چاہئے کہ تب وہ اتنے دنوں سے کیا کر رہی تھی ۔
مسٹر گاندھی نے کہاکہ مسٹر مودی اور مسٹر کمار نے آج تک عوام کیلئے نہیں بلکہ کچھ چنندہ طبقات کیلئے ہی کام کیا ہے ۔ مسٹر مودی کو کبھی بھی کسان ، نوجوان اور غریبوں کی فکر نہیں رہی ۔ مسٹر مودی نے ہمیشہ مکیش امبانی اور اڈانی جیسے صنعت کاروں کیلئے کام کیا ہے ۔ ملک کے ایئر پورٹ ، ریلوے اور دیگر عوامی املاک امبانی اور اڈانی کو فروخت کئے جارہے ہیں۔