نئی دہلی۔ عام آدمی پارٹی (آپ) کی جانب سے راجیہ سبھا کے امیدوار چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ این ڈی گپتا کو آج بڑی راحت دیتے ہوئے الیکشن افسر نے ان کے نامزدگی کے کاغذات کو منظور کر لیا ۔ دہلی کانگریس صدر اجے ماکن نے مسٹر گپتا کے قومی پنشن ٹرسٹ کے ٹرسٹیز کا حوالہ دے کر اسے ’فائدہ کاعہدہ‘ بتاتے ہوئے نامزدگی منسوخ کرنے کی مانگ کی تھی۔ الیکشن افسر ندھی شریواستو نے ہفتہ کو ان کے نامزدگی کی منظوری نہیں دی تھی اور آج کے لئے فیصلہ محفوظ رکھا تھا۔
مسٹر گپتا کے جوابات کے بعد ا لیکشن افسر نے نامزدگی کو قبول کر لیا۔ انہوں نے جواب میں کہا تھا کہ وہ ٹرسٹ سے بہت پہلے استعفی دے چکے ہیں۔
کاغذات نامزدگی کی منظوری ملنے کے بعد مسٹر گپتا نے کہا کہ مسٹر ماکن نے نہ صرف بےبنياد الزامات لگائے بلکہ میرے خلاف غیر مہذب زبان کا بھی استعمال کیا۔ مسٹر گپتا پہلے کانگریس میں تھے اور 28 نومبر کو کانگریس سے استعفی دیا تھا۔
پارٹی کے لیڈر اور راجیہ سبھا امیدوار سنجے سنگھ نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ مسٹر ماکن نے بے بنیاد اور بے جا شکایت کے ذریعے سستی مقبولیت حاصل کرنے کے لئے یہ کیا تھا اور سچ سامنے آ گیا۔ انہوں نے کہا مسٹر گپتا جس عہدہ پر تھے وہ فائدہ کا عہدہ نہیں تھا۔ کانگریس کو دیوالیہ کا شکار بتاتے ہوئے مسٹر سنگھ نے کہا یہ سب سرخیاں حاصل کرنے کے لئے کیا گیا تھا۔