ممبئی، 26/اکتوبر(یواین آئی)نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی)کے ترجمان اور مہاراشٹر کے وزیر نواب ملک نے منگل کو نارکوٹکس کنٹرول بیوروکے زنل ڈائرکٹر سمیر وانکھیڑے کے برتھ سرٹیفکیٹ پر سوالات اٹھائے ہیں ملک نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ سمیر وانکھیڑے ایک مسلمان کمیونٹی میں پیدا ہوئے اور انہوں نے ایک مسلم لڑکی ڈاکٹر شبانہ سے شادی کی۔بعد میں وانکھیڑے نے کرانتی ریڈکر نامی لڑکی سے شادی کرلی تاکہ وہ شیڈیول کاسٹ کو ملنے والی سرکاری اسکیموں کا فائدہ اٹھاسکیں۔ انہوں نے اپنی ذات تک بدل لی اور غریب لوگوں اور مستحقین کے حقوق غصب
کرلیے۔
ملک نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ وانکھیڑے دو پرائیویٹ افراد کی مدد سے معروف شخصیات کے فون ٹیپ کرتے تھے اور معصوم وبے قصورلوگوں کو بلیک میل کیا کرتے تھے۔ این سی پی کے وزیر نے کہا کہ ان کے پاس تمام پرائیویٹ لوگوں کے شواہد، ان کے نام و پتے موجود ہیں اور کسی مناسب وقت پر اس کا انکشاف کریں گے۔
این سی پی لیڈر نے وانکھیڑے کے والد اور بہن (یاسمین وانکھیڑے) کوتعزیرات ہند کی دفعہ 499 کے تحت اپنے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرنے کا چیلنج کیااور کہاکہ وہ اس کا سامنا کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام شواہد عدالت کے سامنے پیش کیے جائیں گے۔