نئی دہلی،15 اگست (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے 74 ویں یوم آزادی کے موقع پر لال قلعے کی فصیل سے سے ملک سے اپنے خطاب میں آج سے ’نیشنل ڈجیٹل ہیلتھ مشن ‘ شروع کئے جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہندوستان میں صحت کے شعبہ میں نیا انقلاب لیکر آئے گا۔
مودی نے کہا’’ملک میں آج سے ایک بہت بڑی مہم شروع ہونے جارہی ہے نیشنل ڈجیٹل ہیلتھ مشن، اب آپ کا ہر ٹسٹ ، ہر بیماری ، آپکو کس ڈاکٹر نے کونسی دوا دی ، آپ کی رپورٹس کیا تھیں ، یہ تمام
معلومات ہیلتھ آئی ڈی میں شامل ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ جب کورونا شروع ہوا تھا تو ہمارے ملک میں کورونا ٹسٹنگ کے لئے صرف ایک لیب تھی۔ آج ملک میں 1،400 سے زائد لیبز ہیں۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ کورونا کے اس غیر معمولی دور میں ’سیوا پرمو دھرما‘( خدمت ہی سب سے بڑا مذہب ہے) کی روح کے ساتھ ہمارے ڈاکٹروں ، نرسوں ، پیرا میڈیکل اسٹاف ، ایمبولینس کے عملے ، صفائی ملازمین ، پولیس اہلکار ، سروسز کے عملہ سمیت بہت سارے افراد اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر کام کر رہے ہیں۔