نئی دہلی، 17 جنوری (یو این آئی) نربھیا اجتماعی جنسی زیادتی کے معاملے میں چاروں مجرموں کے لیے جمعہ کے روز نیا ڈیتھ وارنٹ جاری ہوگا۔ چاروں کو یکم فروری کی صبح چھ بجے تہاڑ جیل میں پھانسی دی جائے گی۔
پٹیالا ہاؤس کورٹ نے آج نربھیا معاملے کی شنوائی کرتے ہوئے نیا ڈیتھ وارنٹ جاری کیا۔ قبل ازیں چاروں مجرموں کو 22 جنوری کی صبح پھانسی دی جانی تھی۔ اس معاملے کے ایک مجرم مکیش سنگھ کی رحم کی عرضی صدر رام ناتھ کووند نے آج خارج کر دیا۔ مکیش کی رحم کی
عرضی خارج ہونے کے بعد عمل کے تحت نیا ڈیتھ وارنٹ جاری کرنا پڑا اور پھانسی کی تاریخ بھی نئی متعین کرنا پڑی۔
قومی راجدھانی میں 16 دسمبر 2012 کی رات کو انسانیت کو شرمسار کرنے والے اس عمل کے دیگر تین مجرم پون گپتا، وِنَے شرما اور اکشے کمار سنگھ ہیں جنھیں پھانسی دی جانی ہے۔
اس معاملے میں کل چھ افراد تھے جن میں ایک نابالغ تھا اور وہ تین سال کی سزا مکمل کرنے کے بعدرِہا ہوگیا جبکہ ایک دیگر نے مقدمے کے دوران ہی جیل میں پھانسی لگا کر خود کشی کر لی تھی۔