ممبئی3اگست (ایجنسی)عروس البلاد ممبئی میں آج ایک بار پھرطوفانی بارش نے شہر ہی نہیں بلکہ نواح میں واقع تھانے،بھیونڈی،ممبرا،میرا روڈ اور اردگرد کے علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا کردی ہے اورصبح سویرے سے جاری بارش نے تین لوکل ریل لائنز اور سڑک پر موٹر گاڑیوں کی نقل و حمل کو بری طرح سے متاثر کیا ہے۔
دفتر موسمیات کے حکام نے کہاکہ طوفانی بارش اور تیز ہواؤں کا سلسلہ رات دیر گئے سے جاری رہا اور ممبئی سے متصل تھانے شہر اور ضلع میں 140ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ تھانے کے ساتھ ساتھ ملنڈ،بھانڈوپ ،نہوراورتھانے کے رابوڑی اور دیگر نشیبی علاقوں میں پانی رہائشی اقوں میں گھس گیا اور کئی مکانات اورہاوسنگ سوسائٹیوں سے مکینوں کو منتقل کیا
گیا ہے جبکہ تھانے اسٹیشن مکمل طور پر ڈوب چکا ہے۔
موصولہ اطلاع کے مطابق ممبئی اور تھانے کے ساتھ ہی مغربی مہاراشٹرمیں بھی اتوار تک ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ممبئی -گوا قومی شاہراہ پر زمین کھسکنے سے آمد و رفت متاثر ہوئی ہے اور سڑک کو دونوں سمت سے بند کردیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک افسر نے کہاکہ کوکن اور وسطی مہاراشٹرمیں حد سے زیاد ہ بارش ہونے کا امکان ہے۔4اور 5اگست کو تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوگی۔ممبئی میں جمعہ کی شب سے ہونے والی موسلادھار بارش نے قلب شہر نائیگام،دادر اور کنگ سرکل کے ساتھ ساتھ مضافات میں اندھیری،دہیسر،ملن اور ملاڈسب وے کو موٹر گاڑیوں کے لیے بند کردیا گیا ہے جسکی ویسٹرن ریلوے کی پٹریوں کے نیچے واقع ہے۔