ذرائع:
گھاٹ کوپر:گجرات اے ٹی ایس جوکہ اشتعال انگیز تقریرمعاملے کی تحقیقات کر رہی ہے، نے اتوار کو اس سلسلے میں ممبئی سے اسلامی مبلغ مفتی سلمان ازہری کو حراست میں لے لیا۔ گجرات اے ٹی ایس مولانا مفتی سلمان ازہری کو رات دیر گئے جوناگڑھ لے گئی۔ گھاٹ کوپر پولیس اسٹیشن سے بھیڑ کو ہٹانے کے بعد، پولیس نے مولانا کو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا اور انہیں دو دن کے ٹرانزٹ ریمانڈ پر اپنے ساتھ لے گئی۔
گجرات اے ٹی ایس نے مولانا کو اتوار کی صبح اپنی تحویل میں لیا اور گھاٹ کوپر پولس اسٹیشن لے آئے۔ پھر بڑی تعداد میں لوگ جمع ہونے لگے۔ پولیس افسر کے مطابق، مفتی سلمان ازہری کے سینکڑوں حامی گھاٹ کوپر پولیس اسٹیشن کے باہر جمع ہوئے اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا، جس کے بعد پولیس نے
انہیں منتشر کرنے کے لئے ہلکا لاٹھی چارج کیا۔ جس کی وجہ سے علاقے میں ٹریفک جام ہوگیا۔
پولیس افسر نے بتایا کہ گجرات پولیس کی ٹیم سلمان ازہری کے ساتھ روانہ ہوگئی ہے۔ ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ جوناگڑھ، گجرات کی پولیس نے ہفتے کے روز اس سلسلے میں دو لوگوں کو گرفتار کیا تھا جب مبینہ طور پر اسلامی مبلغ کی طرف سے دی گئی اشتعال انگیز تقریر سوشل میڈیا پر منظر عام پر آئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ یہ تقریر 31 جنوری کی رات جوناگڑھ کے 'بی' ڈویژن پولیس اسٹیشن کے قریب ایک کھلے میدان میں منعقد ایک پروگرام میں دی گئی تھی۔
اشتعال انگیز تقریر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ازہری اور مقامی منتظمین محمد یوسف ملک اور عظیم حبیب اوڈیدرا کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 153B اور 505 (2) کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی۔