نئی دہلی، 08 جون (یو این آئی) مرکزی کابینہ نے خریف مارکیٹنگ سیزن 2022-23 کے لیے بدھ کو 17 فصلوں کی کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) بڑھانے کی تجویز کو منظوری دے دی جس میں دھان کی 100، مونگ میں 480 اور سورج مکھی میں 385 روپے فی کوئنٹل روپے اضافہ ہوا ہے۔
یہاں وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں کابینہ کی میٹنگ میں کئے گئے فیصلوں کے بارے میں اطلاع دیتے ہوئے اطلاعات و نشریات کے وزیر انوراگ ٹھاکر نے کہاکہ "ہم نے ایم ایس پی کو لاگت کے پچاس سے 85 فیصد زیادہ رکھا
ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ بوائی سے پہلے ایم ایس پی کا اعلان کیا جائے تاکہ کسانوں کو معلوم ہو کہ کٹائی کے بعد انہیں کیا قیمت ملے گی۔ یہ حکومت کی ساکھ کو ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے۔ کسانوں کو ان کی فصلوں کی مناسب قیمت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت اپنی سرکاری خریداری میں بھی اضافہ کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ ہندوستان سے زرعی مصنوعات کی برآمد میں بھی اضافہ ہوا ہے جس سے کسانوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔