نئی دہلی، 21دسمبر (یو این آئی) کانگریس کے قدآو ر لیڈر، سابق مرکزی وزیر اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیراعلی موتی لال وورا کا پیر کو 93 برس کی عمر میں انتقال ہوگیا دو بار مدھیہ پردیش کے وزیراعلی رہ چکے مسٹر وورا نے دہلی کے فورٹس اسپتال میں آخری سانس لی۔ وہ 2000سے 2018تک پارٹی کے خزانچی رہے۔ مسٹر وورا کا کل 20دسمبر کو 93واں یوم پیدائش تھا۔ صحت خراب ہونے کی وجہ سے مسٹر وورا کو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ وہ اترپردیش کے گورنر بھی رہے تھے اورراجیہ سبھا کے رکن بھی۔
وزیراعظم نریندر مودی نے مسٹر وورا کے انتفال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہیں تجربہ کار ایڈمنسٹریٹراور آرگنائزر قرار دیا۔ پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی نے مسٹر وورا کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیاہے۔ مسٹر گاندھی نے کہاکہ مسٹر وورا سچے کانگریس اور بہترین انسان تھے۔ انکی کمی ہمیشہ محسوس ہوگی۔
انہوں نے ان کے کنبہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔ مسٹر گاندھی نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ وورا جی ایک سچے کانگریس اور بہترین انسان تھے۔ انکی کمی ہمیشہ محسوس ہوگی۔ ان کے کنبہ اور دوستوں سے میری تعزیت۔
وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے بھی مسٹر وورا کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ انہیں ایک نرم اور تجربہ کار سیاستداں کی حیثیت سے تمام جماتوں میں احترام ملتا تھا۔کانگریس کے سینئر لیڈر پرینکا گاندھی، راجستھان کے وزیراعلی اشوک گہلوت اور چھتیس گڑھ کے وزیراعلی بھوپیش بگھیل سمیت کئی لیڈروں نے مسٹر وورا کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔
مسٹر ووراگاندھی کنبہ کے نہایت قریب سمجھا جاتا تھا۔ مسٹر وورا 1970میں کانگریس میں شامل ہوئے اور 1972میں کانگریس کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔ اس کے بعد 1977اور 1980میں رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔ مسٹر و وراکی پیدائش 20دسمبر 1928کو ہوئی تھی۔