بنگلورو،11مئی (یواین آئی)کرناٹک کی ڈائریکٹرجنرل آف پولیس نیل منی راجو نے آج کہا کہ اسمبلی کی 223سیٹوں پر غیرجانبدارانہ پولنگ کو یقینی بنانے کے لئے سکیورٹی بندوبست کو چست درست بنانے کی غرض سے ایک لاکھ چالیس ہزار سے زیادہ سکیورٹی جوانوں کو تعینات کیا گیاہے اور سماج دشمن عناصر پر سخت نظر رکھنے کو کہا گیاہے ۔
محترمہ راجو نے یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ ریاست میں غیرجانبدارانہ اور شفاف انتخابات کرانے کی غرض سے سکیورٹی کے لئے چپے چپے پر لویس اور دیگر فورسز کے جوانوں اورافسران کو ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔اس کے لئے کئی دیگرریاستوں سے بھی پولیس
فورسزطلب کی گئی ہیں اوربڑی تعدادمیں ایس ایس بی اور آئی ٹی بی پی اور دیگر نیم فوجی دستوں کے جوانوں کو تعینات کیا گیاہے ۔
ریاست کی 15ویں اسمبلی کے انتخابات کے لئے 58302پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 12000حساس اور 21ہزار464مراکز کو کم حساس مانتے ہوئے پولنگ مراکز کے باہر نیم فوجی دستوں کے جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے ۔ریاست کی سرحدوں پر چوکسی بڑھادی گئی ہے ۔سماج دشمن عناصر پر گہری نظر رکھی جارہی ہے اور کئی لوگوں کو احتیاطی اقدام کے طور پر حراست میں لیا گیاہے اور آج بھی پولیس مختلف علاقوں میں اس طرح کی کارروائی کرسکتی ہے ۔
یواین آئی۔ایف اے