بیت المقدس/5ستمبر(ایجنسی) مونیکا لیونسکی Monica Lewinsky کا کہنا ہے کہ بیت المقدس میں پیر کے روز منعقد ہونے والے ایک ایونٹ کے دوران اسرائیلی ٹی وی میزبان کو انٹرویو میں جب اُن سے سابق امریکی صدر بل کلنٹن کے بارے میں "حد سے متجاوز" سوال پوچھا گیا تو وہ غصّے کے مارے انٹرویو کو چھوڑ کر اسٹیج سے اُتر کی چلی گئیں۔ مونیکا نے یہ بات منگل کے روز اپنی ایک ٹوئیٹ میں بتائی۔
وہائٹ ہاؤس کی سابقہ تربیتی اہل کار 45 سالہ مونیکا نے مذکورہ ایونٹ میں سوشل میڈیا کے خطرات کے حوالے سے خطاب کیا تھا۔
مونیکا نے اپنی ٹوئیٹ میں مزید بتایا کہ "معروف اسرائیلی خاتون میزبان لیوی کے ساتھ انٹرویو کے موضوعات پر پیشگی اتفاق رائے ہو چکا تھا ،،، تاہم میزبان نے پہلا سوال ہی بل کلنٹن کے ساتھ تعلق کے بارے میں کر ڈالا جو طے شدہ امور کا واضح طور پر نظر انداز کیا جانا تھا"۔
مونیکا نے میزبان کے سوال کے جواب میں کہا "میں سخت معذرت چاہتی ہوں۔ میں ایسا نہیں کر سکوں گی"۔ اس کے بعد انہوں نے مائیکروفون اُتارا اور وہاں سے روانہ ہو گئیں۔ اس موقع پر میزبان لیوی دوڑتی ہوئی مونیکا کے پیچھے گئیں جب کہ حاضرین نے تالیاں بجانی شروع کر دیں۔