نئی دہلی، 4اپریل (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے کورونا وبا سے موثر طریقہ سے نپٹنے کے لئے ضروری طبی ساز وسامان کی پورے ملک میں دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔
مسٹر مودی نے کورونا کا مقابلہ کرنے کے لئے چلائی جارہی ملک گیر مہم کے تحت قائم 11 بااختیار گروپوں کے ساتھ سنیچر کو مشترکہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے یہ ہدایت دی۔
میٹنگ میں پورے ملک میں کورونا سے نپٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور خاص طورپر
اسپتالوں، علیحدہ وارڈوں اور کورینٹائن سہولیات نیز کورونا کی جانچ اور تربیت سہولیات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
وزیراعظم نے متعلقہ بااختیار گروپوں اور ان میں شامل حکام کو صحت عملہ کے لئے ذاتی تحفظ آلات، ماسک، دستانوں اور وینٹی لیٹر وغیرہ کی تیاری، خرید اور ان کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔
ْخیال رہے کہ کورونا کے خلاف ملک گیر مہم کے سلسلہ میں منصوبہ بنانے اور اسے نافذ کرنے کے لئے حال ہی میں ان گروپوں کو قائم کیا گیا تھا۔