کانپور(دیہات):14فروری(یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے مین اپوزیشن سماج وادی پارٹی(ایس پی) پرمکمل اقربا پرواری کا حامل ہونے اور مافیاراج کو تحفظ دینے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اگر ان کا بس چلتا تو پوری ریاست کے ہر شہر میں ایک’مافیا گنج‘آباد دیتے ۔
مودی نے پیر کو اسمبلی انتخابات کے دوران کانپور دیہات کے اکبر پور میں بھارتیہ جنتاپارٹی(بی جے پی) کے امیدواروں کی حمایت میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی کا نام لئے بغیر جم کر نشانہ سادھا۔ انہوں نے کہا’ ان لوگوں کا بس چلتا تو کانپور میں ہی نہیں پورے یوپی کے ہر شہر میں ایک محلہ’مافیا گنج‘ کے نام سے آباد کر دیتے۔
انہوں نے کہا کہ ’پہلے کی حکومتوں نے یوپی کے استعداد کے ساتھ انصاف
نہیں کیا۔ ان لوگوں نے یوپی کو دن رات لوٹا اور یہاں کے لوگوں کو مجرمین،فسادیوں اور مافیاؤں کے حوالے کردیا۔حالانکہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اترپردیش میں گذشتہ پانچ سالوں میں مجرمین کے خلاف یوگی حکومت کے سخت رویہ کی وجہ پکے کنبہ پروری والوں کا مافیا راج اب آخری سانسیں لے رہا ہے۔ مودی نے آگاہ کیا کہ اگر یہ لوگ واپس آگئے تو اترپردیش میں مافیاراج پھر سے سانسیں لینے لگے گا۔
وزیر اعظم نے ایس پی کے اتحادیوں کو موقع پرست اتحادد قرار دیا۔ انہوں نے کہاہر بار یہ لوگ انتخاب میں نیا ساتھی لے کر آتے ہیں۔ نئے ساتھ کے کندھے کے بھروسے چلنے کی کوشش کرتے ہیں۔ یہ ہر الیکشن میں جس ساتھ کو لاتے ہیں الیکشن کے بعد ہار کا ٹھیکر اسی کے سر پھوڑتے ہیں اور دھکا مار کر نکال دیتے ہیں۔