نئی دہلی،11 دسمبر (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی ہفتہ کو عالمی آب و ہوا کانفرنس سے خطاب کریں گے ماحولیات ، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کے وزیر پرکاش جاوڈیکر نے جمعہ کو یہاں بتایا کہ موسمیاتی تبدیلی کی رفتار کو کم کرنے کے مقصد سے پیرس معاہدہ 12 دسمبر کو پانچ سال مکمل ہوجائے گا۔ مسٹر مودی اس موقع پر ہونے والی عالمی آب و ہوا کانفرنس سے خطاب کریں گے۔
کانفرنس میں وزیر اعظم موسمیاتی تبدیلیوں پر کنٹرول کرنے کے لئے کئے گئے اقدامات سے دنیا کو آگاہ کریں گے۔ اسی کے ساتھ وہ کاربن کے اخراج پر بھی ملک کا نظریہ بین الاقوامی سطح پر پیش کریں گے۔
مسٹر جاوڈیکر نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ پیرس معاہدہ 01 جنوری 2021 سے نافذ ہوگا۔ اس میں
ہندوستان نے اپنے آپ کو 2030 تک مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) سے اخراج میں اضافے کی شرح کو 33 سے 35 فیصد تک کم کرنے کا ہدف مقرر کیا تھا۔ معاہدہ نافذ ہونے سے پہلے ہی ہم نے اخراج کی شرح میں 21 فیصد کمی کردی ہے۔
انہوں نے مسلسل اس بات کا اعادہ کیا کہ ہندوستان موسمیاتی تبدیلیوں کا ذمہ دار نہیں ہے ، اس کے باوجود ہم موسمیاتی تبدیلیوں کو قابو میں کرنے کے لئے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں۔
عالمی کاربن کے اخراج میں ہندوستان کی شراکت صرف تین فیصد رہی ہے جبکہ امریکہ کا 25 فیصد ، یوروپی یونین کا 22 فیصد اور چین کا 13 فیصد حصہ رہا ہے۔ فی الحال ہندوستان کا کاربن کے اخراج میں 6.8 فیصد ہے جبکہ امریکہ کا حصہ 13.3 فیصد ، چین کا 30 فیصد اور یوروپی یونین اور برطانیہ کا 8.7 فیصد ہے۔