موربی، 16 اپریل (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو ہنومان جینتی کے موقع پر گجرات کے موربی میں ہنومان جی کے 108 فٹ اونچے مجسمےکی نقاب کشائی کی۔
مسٹرمودی نے ہنومان جینتی کے موقع پر تمام ہم وطنوں کو نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے رام دوت ہنومان کی مورتی کی نقاب کشائی کی۔ انہوں نے اس یادگار موقع پرکہا، "آج، اس مبارک موقع پر، موربی میں ہنومان جی کی ایک عظیم الشان مورتی کا افتتاح کیا گیا ہے۔ یہ ملک اور دنیا بھر میں ہنومان کے بھکتوں کے لیے، رام بھکتوں کے لیے بہت اچھی خبرہے۔ آپ سب کو بہت بہت مبارک ہو۔ دوستو، رام چرت مانس میں کہا گیا ہے کہ بِنو ہری کرپا
ملھن نہیں سنتا، یعنی خدا کے فضل کے بغیر سنتوں کا دیدار نایاب ہے۔
وزیر اعظم نے کہا، "میری خوش قسمتی ہے کہ پچھلے کچھ دنوں میں مجھے ماں امباجی، اُمیہ ماتا دھام، ماں اناپورنا دھام کا آشیرواد حاصل کرنے کا موقع ملا۔ آج مجھے موربی میں ہنومان جی کے اس کام سے جڑنے، سنتوں کے سماگم کا حصہ بننے کا موقع ملا ہے۔ مجھے بتایا گیا ہے کہ ہنومان جی کی ایسی 108 فٹ اونچی مورتی ملک کے چار مختلف گوشوں میں لگائی جا رہی ہے۔ شملہ میں ایسی ہی ہنومان جی کی عظیم الشان مورتی کوہم گزشتہ کئی برسوں سے دیکھ رہے ہیں، آج موربی میں ایک اور مجسمہ نصب کیا گیا ہے۔ دویگرمجسموں کوجنوب میں، رامیشورم اور مغربی بنگال میں نصب کرنے کا کام جاری ہے۔