نئی دہلی ، 09 اگست (یو این آئی) ملک کو خوردنی تیل کے معاملے میں خود انحصار بنانے پر زور دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو کہا کہ ہمیں اس کے لیے تیزی سے کام کرنا ہے وزیر اعظم کسان سمان ندھی کے تحت ملک کے تقریبا10 کروڑ کسانوں کے بینک کھاتوں میں 19،500 کروڑ روپے سے زیادہ کی منتقلی کے بعد مسٹر مودی نے کہا کہ خوردنی تیل میں خود انحصاری کے لیے اب قومی خوردنی تیل مشن۔آئل پام کا عزم کیا گیا ہے۔ اس مشن کے ذریعے کوکنگ آئل ایکو سسٹم میں 11 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ کسانوں کو معیاری بیج سے لے کر ٹیکنالوجی تک تمام سہولیات ملے۔ اس مشن کے تحت پام آئل کی کاشت کو
فروغ دینے کے ساتھ ساتھ دیگر روایتی تیل کی فصلوں کی کاشت کو بھی وسعت دی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ پہلی بار ہندوستان زرعی برآمدات کے لحاظ سے دنیا کے ٹاپ 10 ممالک میں شامل ہوا ہے۔ کورونا کی مدت کے دوران ہی ملک نے زرعی برآمدات کے نئے ریکارڈ قائم کیے ہیں۔ آج جب ہندوستان ایک بڑے زرعی برآمد کنندہ ملک کے طور پر پہچانا جا رہا ہے ، پھر ہمارے لیے یہ مناسب نہیں ہے کہ ہم خوردنی تیل کی اپنی ضروریات کے لیے درآمدات پر انحصار کریں۔ اس میں بھی درآمد شدہ پام آئل کا حصہ 55 فیصد سے زیادہ ہے۔ ہمیں اس صورتحال کو بدلنا ہوگا۔ ہزاروں کروڑ جو ہمیں خوردنی تیل خریدنے کے لیے بیرون ملک دوسروں کو دینا پڑتا ہے وہ صرف ملک کے کسانوں کو دینا چاہیے۔