نئی دہلی،20اپریل(یو این آئی)وزیر اعظم نریندر مودی نے دنیا بھر کے سامنے ایک چیلنج بن کر ابھری کورونا وبا سے پیدا صورت حال پر آج مالدیپ کے صدر ابراہیم محمد صالح کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔
دونوں لیڈران نے ٹیلیفون پر گفتگو کے دوران اپنے اپنے ملکوں میں کورونا وائرس کے انفکشن کی صورت حال کے تعلق سے ایک دوسرے کو آگاہ کیا۔انہوں نے اس بات پر اطمینان ظاہر کیا کہ سارک ممالک کے رہنماؤں کے مابین گفتگو میں کورونا سے متعلق ہم آہنگی کے جن طریقوں پر اتفاق ہواتھاان پر عمل کیا جارہا ہے۔
وزیر اعظم نے اس پرخوشی کا اظہار کیا کہ مالدیپ
میں تعینات ہندوستانی میڈیکل ٹیم کی کوششوں اور ہندوستان کے ذریعے بھیجی گئی ضروری ادویات سے مالدیپ میں کورونا کے انفکشن کی صورت حال کو قابوکرنے میں کامیابی ملی ہے۔
مسٹر مودی نے کہا کہ سیاحت پر مبنی مالدیپ جیسے ملک کی معیشت کے لئے کورونا وبا نے ایک چیلنج پیدا کردیا ہے۔انہوں نے مسٹر صالح کو یقین دلایا کہ اس وبا کے اثر کو کم کرنے لئے ہندوستان مالدیپ کی مددکرنا جاری رکھے گا۔
دونوں رہنماؤں نے اس پر بھی اتفاق کا اظہار کیا کہ ان کے افسران اس نازک صورت حال کی وجہ سے پیدا ہونے والےامور اور دیگر دوطرفہ معاملوں پر رابطہ قائم رکھیں گے۔