نئی دہلی، 25 ستمبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج جاپان کے وزیراعظم یوشی ہدے سوگا سے فون پر بات کی مسٹر مودی نے مسٹر سوگا کو وزیراعظم کے عہدے پر تقرری کی مبارکباد دی اور اہداف کے حصول میں کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دونوں لیڈروں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ گذشتہ کچھ سالوں سے ہندوستان۔ جاپان خصوصی اسٹریٹجک اور عالمی شراکت داری میں کافی پیشرفت ہوئی ہے اور باہمی اعتماد اور مشترکہ اقدار کی بنیاد پر مبنی ان تعلقات کو مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ کووڈ وبا سمیت عالمی چیلنجوں کے پیش نظر دونوں ممالک کے مابین شراکت داری اور بھی
زیادہ مضبوط ہوئی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آزاد، کھلے اور شمولیت والے ہند بحر الکاہل میں معاشی نظام ضرورت کے مطابق سپلائی چین پر مبنی کیا جانا چاہئے اور اسی تناظر میں انہوں نے ہندوستان، جاپان اور دوسرے ہم خیال ممالک کے مابین تعاون کا خیرمقدم کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اپنے ممالک کے مابین معاشی شراکت داری میں ہونے والی پیشرفت کی ستائش کی اور اس تناظر میں ہنر مند مزدوری سے متعلق معاہدے کے مسودہ کو حتمی شکل دینے کا خیرمقدم کیا۔ وزیر اعظم نے عالمی کوڈ 19 وبا کی وجہ سے پیدا صورتحال میں بہتری کے بعد وزیر اعظم سوگا کو سالانہ دوطرفہ سربراہ اجلاس کے لئے ہندوستان آنے کی دعوت دی۔