دیو گھر 15 مئی (ایجنسی) وزیراعظم نریندر مودی مرکز میں بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) کی قیادت میں ایک بار پھر حکومت بننے کا دعویٰ کرتے ہوئے آج کہاکہ 23 مئی ( رائے شماری کا دن) کو ہار کے بعد ” نامدار‘ کو بچانے کیلئے کانگریس پارٹی میں بیٹھکیں شروع ہو گئی ہیں۔
مسٹر مودی نے یہاں کنڈا میں جھارکھنڈ سنتھال پرگنہ علاقے کی تین سیٹوںپر اپنے امیدواروں کی حمایت میں منعقد ایک انتخابی ریلی کو خطاب کرتے ہوئے کانگریس صدر راہل گاندھی کانام لئے بغیر ان پر جم کر حملہ کیا ۔ انہوںنے کہاکہ انیس مئی کو ساتویں اور آخری مرحلہ کا ووٹنگ ہونا ہے ۔ لیکن ووٹنگ سے قبل ہی کانگریس پارٹی
میں بڑے بڑے اجلاس ہورہے ہیں تاکہ شکست کی ذمہ داری طے ہو اور اس شکست کیلئے نامدار کو بچایا جاسکے ۔
وزیراعظم نے کہاکہ ” کانگریس پارٹی مسلسل میٹینگیں کر رہی ہیں اور نامدار کو بچانے کیلئے حکمت عملی تیار کر رہی ہے ۔ تاکہ نامدار پر شکست کا اثر نہ پڑے “۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی میں ” شہید “ بننے کیلئے ہوڑ مچی ہوئی ہے ۔ ریلی میں پہنچی زبردست بھیڑ سے پرجوش مسٹر مودی نے کہاکہ اس اجلاس میں موجود لوگوں کی تعداد یہ بتانے کیلئے کافی ہے کہ 23 مئی کو کیا ہونے والا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک نے فیصلہ کر لیا ہے کہ 23 مئی کو ایک بار پھر مودی حکومت اقتدار میں واپس آئے گی ۔