نئی دہلی، 06 اگست (یو این آئی) نرم گو، معتدل، سادہ اور ایماندار شبیہ کے حامل بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینیئر رہنما اور سابق مرکزی وزیر منوج سنہا کو جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر (ایل جی) کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جموں و کشمیر کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے والے آئین ہند کی دفعہ 370 کے کچھ التزامات اور دفعہ 35 اے کو ختم کیے جانے کا پہلا سال مکمل کے اگلے دن مسٹر سنہا کو گریش چندر مُرمو کی جگہ جموں و کشمیر کا نیا
لیفٹنینٹ گورنر مقرر کیا گیا ہے۔ مودی حکومت نے گذشتہ برس پانچ اگست کو جموں و کشمیر کو دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں؛ جموں و کشمیر اور لداخ میں منقسم کیا تھا۔
مسٹر سنہا وزیر اعظم نریندر مودی کے معتمد خاص رہنماؤں میں سے ایک ہیں اور مودی حکومت کی گذشتہ مدت کار میں وزیر مملکت برائے مواصلات اور ریل جیسے اہم عہدے پر فائز رہے۔ تین بار رکن پارلیمنٹ رہنے والے مسٹر سنہا گذشتہ الیکشن (2019) اتر پردیش کے ضلع غازی پور سے ہار گئے تھے۔