جنک پور‘ 11 مئی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستان اور نیپال کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیتے ہوئے آج کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان بیٹی روٹی کا تعلق ہے جو تریتا یگ سے چلا آرہا ہے۔
مسٹر مودی نے جانکی مندر کے قریب عوامی استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان عقیدہ‘ نقطہ نظر‘ خوشی اور چیلنجز یکساں ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان تریتا یگ میں راجہ جنک اور راجہ دشرتھ کے دور سے دوستی ہے۔ جانکی دھام کے بغیر اجودھیا ادھورا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اتنا ہی نہیں ودیاپتی کی تخلیقات میں ہندوستان اور نیپال کو یکساں اہمیت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتیں آتی جاتی ہیں لیکن دونوں ملکوں کے تعلقات لافانی ہیں جو ’دیو نیتی‘ سے بھی وابستہ
ہے۔
انہوں نے نیپال کو روحانیت اور فلسفہ کا مرکز بتاتے ہوئے کہا کہ لمبنی بھگوان بدھ کی جائے پیدائش ہے جب کہ جنک پور ماں جانکی کی۔ ماں سیتا اس روایت کی علامت ہیں جو دونوں ملکوں کو ایک دوسرے سے جوڑتی ہے ۔ سیتا‘ قربانی‘ تپسیا اور جدوجہد کی علامت ہیں اور ہم اس روایت کو علمبردار ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ راجہ جنک عوام کے لئے کوئی فیصلہ کرنے سے پہلے اس پر ماہرین کے ساتھ صلاح و مشورہ کرتے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب دونوں ملکوں پر کوئی آفت آئی تو انہوں نے ایک دوسرے کا ساتھ دیا اور ہندوستان دہائیوں سے نیپال کے مستقل ترقی میں شریک کار رہا ہے ۔ ہندوستان دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت کی طر ف آگے بڑھ رہا ہے اور نیپال بھی تیزی سے ترقی کررہا ہے۔
جاری ۔ یو این آئی ج ا