نئی دہلی ، 08 جون (یواین آئی) کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے کہا ہے کہ مہاتما گاندھی قومی روزگار اسکیم (منریگا) کے بارے میں الٹی سیدھی باتیں کرنے والے وزیر اعظم نریندر مودی ، کورونا بحران کے دوران اس کی اہمیت کو بخوبی سمجھ چکے ہیں اورانہیں اس کا پورا احساس ہوچکا کہ اس اسکیم سے دیہات کو مضبوط بنایا جاسکتا ہے ، اس لئے غریبوں کو برابراس کا فائدہ پہنچانے کے لئے اسے اہمیت دینا ضروری ہے۔
مسٹر گاندھی نے کہا کہ مسٹر مودی نے اس اسکیم کے لئے اشتعال انگیز زبان کا استعمال کیا اور کانگریس پارٹی پر حملہ کرتے رہے ، اور اسے 'کانگریس کی ناکامی کی زندہ یادگار' قرار دیا تھا اور مودی حکومت نے منریگا کو ختم کرنے ، اسے کھوکھلا کرنے اور کمزور کرنے کی پوری کوشش کی تھی، لیکن کوویڈ 19 کی وبا اوراس سے پیدا معاشی بحران نے مودی حکومت کو اس اسکیم کی اہمیت کا احساس دلادیا۔
انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی کے اقتدار سنبھالنے کے بعد اس اسکیم کی اہمیت تو سمجھ آگئی تھی، لہذا
ان کی حکومت نے سوچھ بھارت اور پردھان منتری آواس یوجنا جیسے پروگراموں سے جوڑ کر منریگا کی شکل تبدیل کرنے کی کوشش کی۔ اس دوران ، انہوں نے کانگریس حکومت کی اسکیموں کے نام کو تبدیل کرنے کے لئے بھی ہر ممکن کوشش کی اور منریگا کارکنوں کو تنخواہ دینے میں بڑی تاخیر ہوئی اور انہوں نے کام تک کرنے سے انکار کردیا ۔
کانگریس رہنما نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے پورے ملک کے مزدوروں کی روزی روٹی کے سلسلے میں چیخ و پکار مچی تو منریگا گائوں میں مزدوروں کی زندگیوں کا سہارا بن گیا ہے۔ اس سے مودی حکومت کو یہ محسوس ہوا کہ سابقہ کانگریس حکومت کے دوران دیہی امداد کے پروگراموں کو دوبارہ شروع کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔ اس کا ادراک کرنے کے بعد ، وزیر خزانہ نرملا سیتارامن نے حال ہی میں منریگا بجٹ میں مجموعی طور پر ایک لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ مختص کرنے کا اعلان کیا تھا اور مئی میں 2.19 کروڑ خاندانوں نے منریگا کے تحت کام کرنے کا مطالبہ کیا تھا ، جو آٹھ سالوں میں سب سے زیادہ ہے۔