روم، 29 اکتوبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے اٹلی کے دورے پرپہنچنے پر آج یہاں کے یوروپی کونسل کے صدر چارلس مشیل اوریورپی کمیشن کی صدر ارسلا نان ڈیر لیئن سے ملاقات کی۔
وزیر اعظم دفتر نے بتایا کہ مودی نے اپنے پہلے سرکاری پروگرام میں یوروپی کونسل اور یوروپی کمیشن کے صدور سے ملاقات کی۔ ان لیڈروں نے ہندستان اور یوروپ کے درمیان اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے اور لوگوں کے درمیان روابط کی حوصلہ افزائی کرنے کے سلسلے میں گفتگو کی تاکہ ورلڈ آرڈر کو بہتر
بنایا جاسکے۔
وزیر اعظم نے یوروپ کے پانچ روزہ دورے کے پہلے مرحلے میں اٹلی کی راجدھانی روم پہنچ گئے جہاں ہوائی اڈے پر اٹلی کے سینئر افسران اور ہندستان کے سفیر ڈاکٹر نینا ملہوترا نے ان کا استقبال کیا۔
سرکاری پروگرام کے مطابق مودی دو پہر میں مہاتما گاندھی کے مجسمہ پر گلہائےعقیدت پیش کریں گے اور شام کو تقریباً پانچ بجے اٹلی کے وزیر اعظم ماریو درگو کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کریں گے۔ مودی غیر مقیم ہندستانی برادری کے ایک عوامی پروگرام میں بھی شرکت کریں گے۔